لاہور(لاہورنامہ) نرسیں فرنٹ فٹ پر رہ کر مریضوں کی خدمت کو اپنا ایمان سمجھتی ہیں اور ان کے ساتھ انسانیت کا رشتہ زیادہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
نرسنگ ایک انتہائی مقدس پیشہ جودکھی انسانیت کی خدمت کا اعلیٰ ترین اعزاز کا حامل ہے، اس شعبے میں فرائض منصبی ادا کرنے والی خواتین نہ صرف دنیا میں اپنا نام روشن کرتی ہیں بلکہ ان کی آخرت بھی سنورتی ہے۔
نرسنگ کا شعبہ” فلورینس نائٹ انگیل” نامی عظیم خاتون سے شروع ہوا تھا جن کا نام نرسنگ کی تاریخ میں صفحہ اول میں شمار ہونے کے علاوہ دیگر شعبوں کی خواتین کے لئے رول ماڈل کا درجہ رکھتا ہے۔
ان خیالا ت کا اظہار میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر عبدالرزاق، فوکل پرسن ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ رقیہ بانو، ڈاکٹر سونیا ایوب، خالدہ تبسم اور نرسنگ سپروائزر انور سلطانہ نے ہیڈ نرس سسیلیا گل کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر نسیم خالق،پروین اختر، صدف رفیق، آصفہ کرن، شافی اشرف، جویریہ، ندرت مختار،عظمیٰ یاسین سمیت نرسز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پاکستان میں بہت سی نرسز نے نام کمایا ہے اور وبائی امراض و قدرتی آفات کے دنوں میں مریضوں اور زخمیوں کی بے مثال تیمارداری اور دیکھ بھال کر کے پاکستانی نرسنگ کے شعبے کا نام روشن کیا ہے .
جس کی مثال حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے دوران جنرل ہسپتال سمیت صوبے اور ملک کے ہسپتالوں میں مہلک وبا میں مبتلا مریضوں کی جان بچانے کے لئے نرسز کی قربانیاں ہیں جو کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
ٍٍ اپنی گفتگو میں پروین اختر،آصفہ کرن اورشافی اشرف نے کہا کہ 38برس دکھی انسانیت کی خدمت کے بعد سسیلیا گل ملازمت سے سبکدوش ہو گئی ہیں تاہم انسانیت کی خدمت کے سفر کا اختتام کبھی نہیں ہوتا، منازل آگے سے آگے بڑھتی جاتی ہیں اور مریضوں کی خدمت کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
رقیہ بانو اور نسیم خالق کا کہنا تھا کہ سسیلیا گل بھی اپنے اس سفر کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی جاری رکھیں گی اور ینگ نرسز کے لئے سسیلیا گل ایک مثالی کردار ہیں جن کو سٹوڈنٹس اور اور اس شعبے میں آنے والی نرسوں کو مد نظر رکھنا چاہیے اور انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ روایت کو زندہ رکھتے ہوئے اپنے فرائض منصبی بے لوث طریقے سے سر انجام دینا چاہیے۔
صدف رفیق، عظمیٰ یاسین،ندرت مختار اور حافظہ کلثوم کا کہنا تھا کہ حکومت نے نرسنگ کے شعبے کو ترقی دینے اوراس سے منسلک تعلیمی و پیشہ وارانہ معیار کو بلند کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور نرسز کو بہتر پے سکیل اور سروس سٹرکچر اور فلاح و بہبود کو بھی بہتر بنایا ہے۔ اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب پرسسیلیا گل نے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نرسیں مریضوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اس سے جو روحانی سکون حاصل ہوتا وہ دولت سے بھی خریدا نہیں جا سکتا۔
سسیلیا گل نے مستقبل میں بھی دکھی انسانیت کے خدمت کے عزم کا اظہار کیا اور ادارے کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔تقریب کے اختتام پرساتھی نرسوں کی جانب سے سسیلیا گل کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا اور اُن کی صحت اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔