اسلام آباد (لاہورنامہ) جن لوگوں نے ویکسین لگوائی وہی سیاحتی مقامات پر جا سکیں گے،عید کی چھٹیوں میں اس پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے گا،
کوویڈ سے بچائو کیلئے ویکسین انتہائی ضروری ہے، ملک میں ویکسین کی کمی نہیں، ویکسین کا بڑا ذخیرہ ملک میں موجود ہے، پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ گزشتہ روز چار لاکھ ویکسین ڈوز لگائی گئیں،
آئندہ دنوں میں مزید 60لاکھ ویکسین پاکستان آئیں گے، ویکسین کی کمی سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہیں، ویکسین لگوانے اور کورونا ایس او پیز پر عمل کر کے کورونا وباء سے بچا جا سکتا ہے،کورونا وباء کی اس لہر سے بھی کامیابی سے نکل آئیں گے،
موجودہ صورتحال میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، کورونا وباء میں اضافے کو روکنے کیلئے ایس او پیز اور جاری کردہ پابندیوں پر عملدرآمد کرایا جائے گا،اس کیلئے موجودہ تمام وسائل استعمال کئے جائیں گے، پاک فوج سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء سے بچائو کیلئے ویکسین لگوائیں اور ہجوم والی جگہوں پر ماسک پہن کر جائیں۔