عماد وسیم

پی ایس ایل: عماد وسیم اور محمد عامر کے خلاف خواتین کو گالیاں دینے اور نازیبا اشارے کرنے کا سنگین الزام

دبئی :پاکستا ن سپرلیگ میں لاہور قلندرز کی کراچی کنگز کے خلاف22رنز کی جیت کے بعد پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے بعد لاہور قلندرز نے کر اچی کنگز کے صدر وسیم اکرم اور 2کھلاڑیوں ،کپتان عماد وسیم اور فاسٹ بولر محمد عامر کے خلاف آفیشل شکایت کردی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق عماد وسیم اور محمد عامر کے خلاف خواتین کو گالیاں دینے اور نازیبا اشارے کرنے کا سنگین الزام سامنے آیا ہے، اس سلسلے میں میچ ریفری روشن ماہاناما سے لاہور قلندرز نے تحریری شکایت کی ہے۔دوسری جانب کراچی کنگز نے بھی آفیشل شکایت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وسیم اکرم کو نامناسب نام سے پکارا گیا جس کے بعد صورتحال خراب ہوئی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ میچ ریفری کی جانب سے رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، واقعے سے ٹورنامنٹ میں ناقص سیکورٹی انتظات کی قلعی کھل گئی ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ لاہور کی جیت کے بعد سب سے پہلے وسیم اکرم نے شکایت کی کہ انہیں لاہور قلندرز کے انکلوژر سے نامناسب نام سے پکارا گیا ہے،تھوڑی دیر بعد عماد وسیم اور محمد عامر آئے انہوں نے خواتین کی جانب نازیبا اشارے کئے اور گالیاں دیں جس کے بعد سیکورٹی حکام نے دو تماشائیوں کو حراست میں لیا تاہم انہیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔

بعد ازاں سی سی ٹی وی کیمرے کی مدد سے اس تماشائی کی نشاندہی کر لی گئی جس نے وسیم اکرم کو نامناسب نام سے پکارا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عماد وسیم اور محمد عامر کا رویہ اور زبان قابل اعتراض تھا،لاہور قلندرز کی انتظامیہ پی سی بی کی جانب سے کارروائی کا مطالبہ کررہی ہے کیوں کہ جن خواتین کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا اس میں فرنچائز کے خاندان کی خواتین شامل تھیں