اسلام آباد(لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے آزادجموں وکشمیر کے عوام کے والہانہ جذبے کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد جموں وکشمیر کا الیکشن باشعور کشمیریوں کے محمد نوازشریف کی قیادت پر اعتماد کا تاریخی فیصلہ ہوگا ،
آزادجموں وکشمیر کے عوام کے لئے نوازشریف کی قیادت میں تعمیر، ترقی، خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز کریں گے، اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر میں موٹرویز، تعلیم وصحت اور عوام کی ترقی کے مثالی منصوبے لائیں گے،
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے کرم سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ساتھ کشمیر کے عوام نے تاریخی محبت کا اظہار کیا ہے، کامیاب الیکشن مہم پر نون لیگ کے تمام رہنماوں، کارکنان اور عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں آزاد جموں وکشمیر کے عوام باشعور اور اہل بصیرت ہیں، ووٹ کی طاقت سے اپنے حقوق کی حفاظت کریں گے،
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو مایوس اور مجبور کرنے والے آزادجموں وکشمیر کے عوام کو کچھ نہیں دے سکتے، نوازشریف کی قیادت میں جس طرح پنجاب سمیت پورے ملک کو ترقی دی، آزادکشمیر کے عوام کو بھی ان کا حصہ دیں گے، آزادجموں وکشمیر کے عوام کا ولولہ، کارکنان کا بے مثال جذبہ اور ووٹرز کا جوش وخروش شیر کی فتح نوید ہے ،
جس بڑے پیمانے پر عوام اور حلقوں کے لوگوں نے مسلم لیگ(ن)کے جلسوں میں شرکت کی، اس پر خاص طورپر شکریہ ادا کرتا ہوں ،آزاد کشمیر کے لوگوں نے نوازشریف سے جس والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے، اس کا شکریہ خطے میں تاریخی ترقی سے اداکریں گے، آزاد جموں وکشمیر کے عوا م الیکشن ڈے پر گھروں سے نکلیں اور شیر پر مہر لگائیں،
اللہ تعالی آپ کو فتح سے ہمکنار فرمائے گا، شہباز شریف نے کہا کہ مائیں، بہنیں، بیٹیاں، نوجوان اور بزرگ ووٹ ڈالنے کے لئے گھروں سے نکلیں، 3سال میں پاکستان اور 8سال میں خیبرپختونخوا کے عوام کو ستانے والوں کو ووٹ کے ذریعے کشمیر سے چلتا کریں، شیر کو ووٹ دینے کا مطلب، مقبوضہ جموں وکشمیر، آپ کے حقوق کایقینی تحفظ اور ترقی کی ضمانت ہے۔