لاہور (لاہورنامہ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی اہلیہ بیگم صوفیہ عثمان نے شجرکاری مہم کے سلسلے میں گورنمنٹ گریجوایٹ اپوا کالج میں پودا لگایا۔
بیگم صوفیہ عثمان نے ربن کاٹ کر گرلز کالجز میں ”پلانٹ فارپاکستان ڈے“مہم کا باقاعدہ آغاز کیا۔ بیگم صوفیہ عثمان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پودے لگانا سنت رسولؐ اور کار ثواب ہے-درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے جس کے اثرات مدتوں برقرار رہتے ہیں –
بیگم صوفیہ عثمان نے کہا کہ طلبہ کو بھی شجر کاری مہم میں حصہ لے کر قومی ذمہ داری نبھانی چاہیے -طالبات کا شجر کاری مہم میں حصہ لینا خوش آئند امر ہے -بیگم صوفیہ عثمان نے کہا کہ درخت خود دھوپ جھیلتے ہیں اور دوسروں کوسایہ فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری کر کے آئندہ آنے والی نسل کے مستقبل کو محفوظ اور بہتر بنایا جاسکتا ہے – ماحولیات کے تحفظ اور جنگلی حیات کی بقاء کے لئے شجر کاری کی اہمت مسلمہ ہے – گورنمنٹ اپوا کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نائمہ خورشیدنے موقع پر بتایا کہ ”پلانٹ فارپاکستان ڈے“مہم کے تحت پنجاب میں 10 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔
لاہور کے بڑے کالجوں میں 500 اور چھوٹے کالجز میں 200 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔بیگم صوفیہ عثمان نے کالج ایڈیٹوریم میں سٹاف کے ساتھ کیک بھی کاٹا۔پرنسپل گورنمنٹ اپوا کالج پر وفیسر ڈاکٹر نائمہ خورشید، ڈائریکٹر کالجز اور کالج کی اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھیں۔