لاہور(لاہورنامہ)جمعیت علمااسلام نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواروں کا اعلان کر دیا،والٹن کنٹونمنٹ میں 5جبکہ لاہور کنٹونمنٹ بورڈ میں 3 امیدواروں کو میدان میں اتارا گیا ہے۔
جمعیت علمااسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل مفتی عبدالحفیظ الرحمن نے امید ظاہر کی ہے کہ منتخب امیدوار جماعت اور عوام کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے کامیابی سمیٹیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے ستمبر میں شیڈولڈ بلدیاتی انتخابات کے لئے جمعیت علمااسلام نے بھر پور انداز میں اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے،
پہلے مرحلے میں والٹن اور لاہور کنٹونمنٹ بورڈ کے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔اس حوالے سے جمعیت علمااسلام لاہور کے سیکرٹری جنرل مفتی عبدالحفیظ نے ضلعی ترجمان حافظ غضنفر عزیز، معاون خصوصی امیر ضلع حافظ فہیم الدین، جے یو آئی تحصیل کنٹونمنٹ بورڈ کے امیر قاری محمد عمران، سیکرٹری جنرل قاری محمد ذکریا، قاضی شمس الحق،
قاری اشرف علی خان، مولانا سراج الرحمن، حافظ عرفان حیدر، مولانا محمد داد، حافظ احمد رضا، قاری نعمت اللہ، محمد نوید انجم اور منتخب امیدواروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے کنٹونمنٹ بورڈ میں جے یو آئی کے آٹھ امیدوار الیکشن میں حصہ لیں گے۔
والٹن کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ نمبر ایک میں سردار حافظ محمد عثمان، وارڈ 4 میں کاشف خلیل میو ،وارڈ5 میں مولانا احتشام الحق، وارڈ 8 میں عمران رشید بٹ جبکہ وارڈ 10 میں سید افتخار گیلانی ہمارے امیدوار ہوں گے۔ اسی طرح لاہور کنٹونمنٹ بورڈ وارڈ 5میں مولانا ذکااللہ ، وارڈ7 میں را محمد تنویر جبکہ وارڈ نمبر9 میں رائو محمد بشیرجمعیت علمااسلام کے امیدوار ہوں گے۔
جے یو آئی لاہور کے سیکرٹری جنرل مفتی عبدالحفیظ کا کہنا تھا کہ حکومت نے ملک بھر میں12ستمبر کو ملک بلدیاتی انتخابات کروانے کا اعلان کر رکھا ہے،جمعیت علمااسلام ان انتخابات میں بھر پو ر طریقے سے شرکت کرے گی، اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑ کر تمام سیاستی جماعتوں کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ نامزد امیدوار اپنی اپنی وارڈز میں ان کی جماعت کی موثر آواز ہیں،ان امیدواروں کوجماعت کا بھی پورا تعاون حاصل رہے گا،امید کرتا ہوں کہ یہ امیدوار کامیاب ہو کر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔