لاہور(لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے صحت مرکز شادمان میں انسدادپولیومہم کے تحت معصوم بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے وہیں پر نئے ای پی آئی سنٹرکابھی افتتاح کیا۔اس موقع پر سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم،ایڈیشنل سیکرٹری سندس ارشاد،بل ملنڈاگیٹس فاؤنڈیشن سے ڈاکٹر زینا، نعیمہ، پروفیسر جاوید چوہدری اور یونیسف کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ 2اگست سے شروع ہونے والی انسدادپولیومہم کے تحت پنجاب کے گیارہ اضلاع میں ابھی تک 22لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔
6اگست تک لاہور،فیصل آباد،شیخوپورہ،راولپنڈی،رحیم یارخان،ملتان،راجن پور،ڈیرہ غازی خان،بہاول پور،مظفرگڑھ اور اوکاڑہ میں انسدادپولیومہم جاری رہے گی۔6اگست تک انشاء اللہ تقریباً ایک کروڑبچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کریں گے۔
ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں انسدادپولیومہم کے نتائج سامنے آناشروع ہوگئے ہیں۔ پنجاب میں ابھی تک پولیوکاایک بھی کیس سامنے نہیں آیاہے۔ پولیو ورکرزکو انسدادپولیومہم کے دوران کوروناایس اوپیزکاخاص خیال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پنجاب کے گیارہ اضلاع میں انسدادپولیومہم کو سیکرٹری صحت سارہ اسلم خودمانیٹرکررہی ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کوپولیو فری دیکھنا چاہتے ہیں۔لاہورکی کچی آبادیوں کے رہائشیوں کو ان کی دہلیزپربنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے صحت مراکزقائم کئے گئے ہیں۔
صحت مراکزمیں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں ای پی آئی پروگرام،ایمرجنسی آپریشن سنٹراور بل ملنڈاگیٹس فاؤنڈیشن نے اہم کردار اداکیاہے۔لاہورکی یونین کونسل83,69,84,86,104,108اور 111میں صحت مراکزقائم کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت نے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنر زاور کمشنرزکو انسدادپولیومہم کی خودمانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اوروالدین سے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی بھرپوراپیل بھی کی۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرسارہ اسلم نے کہاکہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی ہدایت کے مطابق انسدادپولیومہم کے دوران سوفیصدہدف کوحاصل کیاجائے گا۔