لاہور (لاہورنامہ)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں وزارتوں اور مختلف محکموں میں 311ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں جو کہ موجودہ حکمرانوں کی بد ترین کارکردگی کی عکاس ہے۔
تبدیلی کے دعویداروں نے ملک و قوم کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ادارے تباہ حال اور معیشت کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے۔ رہی سہی کسر ادویات کی قیمتوں میں اضافے نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیرخان کو مکمل شخصی آزادی ہونی چاہیے۔
اس حوالے سے سپریم کورٹ کی حکومت کو ہدایات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ دنیا اپنے محسنوں کا خیال رکھتی ہے مگر بدقسمتی میں پاکستان میں ایک ڈکٹیٹر نے جو تباہی مچائی تھی، اس کے اثرات آج بھی دیکھے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ماتحت عدلیہ کے 780ججوں کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
130ایڈیشنل، 650سول ججز کی کمی کے باعث زیر التوا کیسز کی تعداد بڑھنے لگی ہے۔ عوام حصول انصاف کی خاطر در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی 40فیصد تک مہنگی کرنے کی تیاریاں شرمناک اقدام ہوگا۔عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسا حکمرانوں کو عوام کی مشکلات کا ادراک ہی نہیں۔