لیاقت بلوچ

وزیراعظم عمران خان انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں، لیاقت بلوچ

لاہور(لاہورنامہ) نائب امیر جماعت اسلامی ،سیاسی انتخابی قومی امور مرکزی قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتخابی اصلاحات میں سنجیدہ نہیں۔

انتخابی اصلاحات کے دعوو ں کی آڑ میں انتخابی عمل پر مسلسل ڈاکہ زنی جاری ہے۔ حکومت یکطرفہ انتخابی اصلاحات اور اقدامات سے پوری قوم کو مایوس کر رہی ہے اور مستقبل کی ہولناک و تاریک منظرکشی کی جارہی ہے۔ حکومت اور اپوزیشن ڈائیلاگ کریں، جماعت اسلامی کی انتخابی اصلاحات سفارشات پر غور کیا جائے اور متناسب طرزِ انتخاب پر اتفاق کیا جائے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے کرپشن خاتمہ اور احتساب کے تمام دعوے کھوکھلے اور فریب ہی ثابت ہوئے ہیں، کرپشن، رشوت ، لوٹ مار بڑھتی ہی جارہی ہے۔ کوڈ۔19 کے سدِّباب کے لئے متفقہ حکمت عملی بھی نہ بنائی گئی اور کرونا اشیاءکی خریداری میں ہوشرباکرپشن کی کہانی بہت ہی افسوسناک ہے۔

حکومت نے ریاستی اداروں کو بھی کرپشن میں سہولت کار بنا لیا ہے اور کرپشن مافیا کو ہر طرح کاتحفظ حاصل ہے۔ عوام مہنگائی ، بے روزگاری ، لاقانونیت ، کرپشن اور رشوت کے ہاتھوں لٹ رہے ہیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ملک وملّت کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے حکومت، ریاست اور قومی قیادت کو آئین کے نفاذ، قرآن وسنت کی بالادستی، اسلامی معاشی نظام،پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ پر تیز رفتار عملدرآمد ، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم اور شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے یک جان اور یک آواز ہونا ہو گا۔ قومی سلامتی کے لئے وقت کا سب بڑا چیلنج ہے کہ کشمیر، افغانستان اور فلسطین پر ایڈہاک ازم اور بےکار آنی جانیوں کی بجائے متفقہ قومی پالیسی بنائی جائے۔