راولپنڈی (لاہورنامہ) پنجاب کے وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ کے سنگین عالمی مسئلے کے حل میں لیڈنگ اور مثالی کردار ادا کر رہا ہے ۔
حکومت پنجاب صوبے بھر میں عرصہ دراز سے نظر انداز بنجر زمینوں کو جنگلات میں بدل کر حقیقی معنوں میں سبز انقلاب لانے کے تاریخی اقدامات رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات محکمہ جنگلات (توسیع) راولپنڈی ڈویژن کے ڈسٹرکٹ رینج آفس چکوال کے زیر اہتمام شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ ڈسٹرکٹ رینج فاریسٹ آفیسر چکوال سمیت ڈویژن سے تعلق رکھنے والے محکمہ جنگلات کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
محمد بشارت راجہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور اس کے تمام سرکاری اداروں کے ذمہ داران میں اس وقت مثالی اور مربوط روابط جاری ہیں جس کی ایک مثال محکمہ جنگلات ہے جو وزیر اعظم کے 10 بلین ٹری سونامی کی کامیابی میں پوری محنت و تندہی کے ساتھ کام کر رہا ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت جنگلات کے تحفظ کیلئے قوانین کے موثر اطلاق کو یقینی بنا رہی ہے جس کے نتیجے میں ٹمبر مافیا کیلئے جنگلات کو کاٹنا ممکن نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ جنگلات کے تحفظ کے علاوہ پنجاب بھر کے طول و عرض میں خالی اور بنجر پڑی سرکاری و نجی زمینوں کو سر سبز و شاداب بنانے کیلئے حکومت نئی ترغیبات لا رہی ہے .
جن میں بنجر زمینوں کو آباد کرنے کے تمام اخراجات کا ذمہ لینا بھی شامل ہے ۔ محمد بشارت راجہ نے ضلع میں ہزاروں کنال بیکار اور بنجر زمینوں کو درختوں سے آباد کرنے کے عمل پر ڈسٹرکٹ رینج فاریسٹ آفس کے افسران اور عملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو ان اقدامات کی تقلید کرنی چائیے ۔
ایسے ہی اقدامات کو جمع کرکے جو صورت بنی ہے اس کی بناء پر پوری دنیا ہماری تعریف کر رہی ہے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ رینج فاریسٹ آفیسر شیر افضل راجہ نے صوبائی وزیر کو شجر کاری مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ محکمہ جنگلات نے عوام بالخصوص کسانوں کی فعال شرکت کے ساتھ ضلع کے مختلف مقامات پر 8 ۔ لاکھ سے زائد مختلف اقسام کے مزید پھلدار اور ادویاتی پودے لگانے کا ٹارگٹ فکس کیا ہے ۔