اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لینے والے پاکستانی ایتھلیٹس نے ملاقات کی جس میں کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔
ہفتہ کو صدر عارف علوی سے نیزہ باز، ارشد ندیم اور ویٹ لفٹر طلحہ طالب نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی شریک تھیں ۔صدر مملکت نے ٹوکیو اولمپکس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے پر ایتھلیٹس کی کارکردگی کو سراہا۔
صدر مملکت نے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں نے بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کیا، امید ہے کہ ایتھلیٹس مستقبل میں اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔صدر مملکت نے حوصلہ افزائی کیلئے دونوں ایتھلیٹس میں انعامی چیکس بھی تقسیم کیے۔