میڈیکل اسٹورز

میڈیکل اسٹورز پر فارماسسٹ کی موجودگی لازمی قرار، نوٹیفکیشن جاری

لاہور (لاہورنامہ) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں تمام میڈیکل اسٹورز پر فارماسسٹ کی موجودگی لازمی قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

اس حوالے سے صوبائی سیکریٹری ہیلتھ کی ہدایت پر چیف ڈرگ کنٹرولر نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے تحت پنجاب بھر کے میڈیکل اسٹورز، ڈرگ سیلرز اور فارمیسیز کے لیے قانونی ضابطہ جاری کردیا گیا ہے۔

تمام متعلقہ ڈرگ کنٹرولر، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز اور ڈرگ انسپکٹرز کو جاری مراسلے میں میڈیکل اسٹورز پر مطلوبہ معیار کی اہلیت کے حامل افراد کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈرگ رجسٹریشن لائسنس کے بغیر ادوایات کی خرید وفروخت ممنوع ہو گی۔

ڈرگ انسپکٹرز فیصلے کا اطلاق یقینی بنانے کے پابند ہوں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز اہلیت کے حامل افراد(کوالیفائیڈ پرسن)کے بغیر ادوایات فروخت نہیں کر سکیں گے۔ میڈیکل اسٹورز پر کم از کم ڈسپنسر یا بی فارمیسی ہولڈرز بطور اسسٹنٹ کام کریں گے۔ میڈیکل اسٹورز فارماسسٹ کے بغیر ادویات فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہوں گے۔