فواد چوہدری

طالبان کوتسلیم کرنیکافیصلہ پاکستان علاقائی طاقتوں سے مشاورت کے بعد کرے گا، فواد چوہدری

اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا ہے کہ طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ پاکستان علاقائی طاقتوں سے مشاورت کے بعد کرے گا، خطے اور بین الاقوامی برادری سے بات چیت کریں گے،خوشی ہے کہ افغانستان میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا ہے،

امید ہے کہ طالبان انسانی حقوق کی پاسداری کریں گے، پاکستان نے اشرف غنی کو بھی سمجھایا تھا کہ آپ اکیلے حکومت نہیں کر سکیں گے،عاشورہ کے بعد عوام کے سامنے 3 سالہ کارکردگی رکھیں گے۔ اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے بعد وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ افغانستان کی صورتحال پر وزیراعظم نے کابینہ کو اعتماد میں لیا ہے۔

پاکستان کا طالبان کے حوالے سے موقف بالکل واضح ہے اور ہم طالبان کو تسلیم کرنے کا فیصلہ علاقائی طاقتوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان یہ فیصلہ تنہائی میں نہیں کرے گا بلکہ خطے اور بین الاقوامی برادری سے بات چیت کریں گے۔ اس سلسلے میں ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے پیر کو رجب طیب اردوان کیساتھ افغانستان کے معاملے پر تفصیلی بات کی ہے۔خوشی ہے کہ افغانستان میں زیادہ جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور امید ہے کہ طالبان انسانی حقوق کی پاسداری کریں گے۔

فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان نے اشرف غنی کو بھی سمجھایا تھا کہ آپ اکیلے حکومت نہیں کر سکیں گے اور باجوڑ جلسے میں بھی عمران خان نے مشورہ دیا تھا کہ افغانستان میں ابھی الیکشن نہ کروائے جائیں۔ انھوں نے یہ بھی وضاحت دی کہ چین نے طالبان کو تسلیم کرنے کا ابھی اعلان نہیں کیا اور پاکستان کی جانب سے امریکا،چین، ایران اور ترکی سے مشاورت کی جائے گی جبکہ طالبان ترجمان نے کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔

وزیراطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ عاشورہ کے بعد عوام کے سامنے 3 سالہ کارکردگی رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور کابینہ کے ہر حلف کی پاسداری ہوئی ہے۔کرپشن فری اور مستحکم پاکستان کے وعدے پر کاربند ہیں اورہمارا وعدہ تھا کہ ملک میں یکساں نصاب تعلیم لائیں گے۔

ہمارا منشور تھا کہ بنیادی تعلیم کے بنیادی معیارات یکساں ہوں۔ الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے متعلق انھوں نے کہا کہ عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال ضروری ہے۔ آئندہ 15 روز میں الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے فیصلہ کن اقدامات کریں گیاور چاہتے ہیں کہ اس معاملے پر اپوزیشن بھی ہمارا ساتھ دے۔

الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے حوالے سے قانون سازی فائنل کر لی گئی ہیاور چاہتے ہیں کہ اگلے انتخابات الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں۔ کھیلوں سے متعلق وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے کھیلوں کی مخدوش صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر اظہار افسوس کیا اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کو نئی اسپورٹس پالیسی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ویکسینیشن سے متعلق فواد چوہدری نے بتایا کہ وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ 86 فیصد اساتذہ اور اسٹاف نے ویکسین لگوالی ہے۔امید ہے کہ صوبائی حکومتیں بھی تعلیمی اداروں میں ویکیسین کا عمل تیز کریں گی۔ کابینہ کے دیگر فیصلوں سے متعلق انھوں نے بتایا کہ اسلام آباد ماسٹر پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے فیڈرل کمیشن کے حکام میں تبدیلی کی منظوری دی ہے۔ ایوان صدر و وزیر اعظم کے اخراجات گزشتہ ادوار سے 50 فیصد تک کم ہیں۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ کابینہ نے جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین کو دوبارہ چیئرمین واپڈا بنانے کی منظوری دی ہے۔ مزمل حسین نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے زبردست کام کیا ہے۔