اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان، پاکستان اور خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہاکہ َاس تناظر میں پاکستان نے افغان امن عمل کی پرعزم حمایت کی۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور چین نے”ٹرائیکا پلس ”کا حصہ ہوتے ہوئے امن کی کاوشوں کو آگے بڑھانے میں گرانقدر معاونت فراہم کی۔
وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے، وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت منعقدہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی بابت، چینی ہم منصب کو آگاہ کیا ۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں نہایت ضروری ہے کہ افغان عوام اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔