چوہدری پرویز الٰہی

عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے جب بھی موقع ملا اپنا کردار ادا کیا ،چوہدری پرویز الٰہی

لاہور (لاہورنامہ) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے مرکزی انفارمیشن کی سیکرٹری مہرین ملک آدم سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ بلدیاتی نظام کو مزید منظم بنانے کیلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی جائے، بلدیاتی نظام عوام کے حقوق ان کی دہلیز پر پہنچانے کا نظام ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے جب بھی موقع ملا اپنا کردار ادا کیا ہے، بلدیاتی انتخابات وقت کی ضرورت ہے، عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بلدیاتی نمائندے اپنا رول بخوبی ادا کر سکتے ہیں۔ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہی نے مزید کہا ہے کہ بلدیاتی اداروں کا نظام ایسا ہونا چاہیے جس سے عام آدمی غریب آدمی کو فائدہ ہوتاکہ عوام کو اپنے مسائل کے حل کیلئے در بدر نہ بھٹکنا پڑے،

بلدیاتی ادارے خود مختار ہونگے تو جرائم کی شرح میں بھی کمی واقع ہو گی۔ دوسری جانب مرکزی انفارمیشن کی سیکرٹری مہرین ملک آدم نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کا دور بطور وزیر اعلی پنجاب سنہری دور تھا،2001 سے2008 تک بلدیاتی اداروں نے خوب ترقی کی اور عوامی مسائل میں کمی واقع ہوئی تھی۔

انھوں نے مزید کہا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کت دور میں بلدیاتی اداروں کو فنڈز کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہیں تھی ،ان کے دور میں دیہات کی سطح پر بھی ترقیاتی کام ہوئے تھے، پکی سڑکیں بنی، کھالے پکے ہوئے، روڈ ٹو مارکیٹ سڑکیں بننے سے کسانوں کو اپنا اناج منڈی تک لیجانے میں بڑی آسانی تھی۔