نوازشریف فرار ہیں لیکن کہتے ہیں اقتدار کا ایک او ر موقع دیا جائے ،ہمایوں اخترخان

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے بالترتیب گزشتہ 60 اور40سال تک ملک کے وسائل کو دیمک کی طرح کھایا ہے ،

ہمایوں اخترخان
نوازشریف فرار ہیں لیکن کہتے ہیں اقتدار کا ایک او ر موقع دیا جائے ،ہمایوں اخترخان

نوازشریف ملک سے فرار ہیں لیکن کہتے ہیں انہیں اقتدار کا ایک او ر موقع دیا جائے ،وزیر اعظم عمران خان نے ملک سے کرپشن پر مبنی سیاست کا صفایا کر دیاہے اور اگر اب کسی نے سیاست کرنی ہے تو اسے عمران خان کے متعارف کرائے گئے شفافیت کے معیار پر پورا اترنا ہوگا۔

انہوں نے کنٹونمنٹ بورڈزکے بلدیاتی انتخابات کے سلسلہ میں وارڈ نمبر 2،وارڈ نمبر8اور وارڈ نمبر 10میں پارٹی امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ہمایوں اختر خان نے پارٹی رہنمائوں ،امیدواوں اورکارکنوں کے ہمراہ حلقوں میں ڈور ٹو ڈور مہم بھی چلائی ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے صرف اپنا اوراپنی نسلوں کاسوچا جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اس روایت کو ختم کیا ہے اور وہ پاکستان کے موجودہ حالات میں سدھار لانے سمیت آنے والی نسلوں کا سو چ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ سے متاثر ہونے والے پہلے دس ممالک کی فہرست میں شامل ہے لیکن ماضی کے کس حکمران نے یہاں درخت لگانے کا منصوبہ شروع کیا ، پانی کے کم ہوتے ذخائر کو مستقبل کی ضروریات کے مطابق بڑھانے کے لئے کس وزیر اعظم نے بڑے آبی ذخائر شروع کئے؟ ، یہ سہرا صرف وزیر اعظم عمران خان کے سر ہے جنہیں تاریخ میں سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ ز کے انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار بھرپور کامیابی حاصل کریں گے کیونکہ ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر میدان میں ہیں ، ہمارے سیاسی مخالفین نے عوام کے تیور دیکھ لئے ہیں ، قیادت کے پاکستان مخالف بیانیے کی وجہ سے لیگی امیدواروں میں جرات نہیں کہ وہ ووٹ مانگنے عوام کے پاس جا سکیں۔