لاہور(لاہورنامہ) لاہور پولیس کی شہریوں کو اسلحہ کے زور پر ہراساں کرکے ان کی زمینوں جائیداوں اور غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے سرکاری املاک پر قبضہ کرنے والے بدمعاشوں اور مافیا کے خلاف مہم مسلسل جاری ہے۔
سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر کی ہدایت پر بااثر قبضہ مافیہ کے گرد شکنجہ کسا جا رہا ہے جس کے تحت آج تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نے جوہر ٹاؤن کے علاقہ سی ٹو بلاک میں غیر قانونی تعمیرات کے ذریعے قبضے کی کوشش،کار سرکار میں مداخلت اور جان سے مار دینے کی دھمکیاں دینے کے جرم میں بدنام زمانہ قبضہ مافیا ملک منشا کھوکھر عرف منشا بم،اسکے چار بیٹوں طارق منشا، فیصل منشا،عامر منشا،عاصم منشا،بھتیجے واجد علی اور 15نامعلوم ملزمان کے خلاف ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ایل ڈی اے کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تھانہ ٹاؤن شپ پولیس نے فوری کاروائی عمل میں لاتے ہوئے منشاء بم کے بھتیجے واجد علی کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ منشاء بم چاروں بیٹوں سمیت روپوش ہوگیا ہے۔ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔سربراہ لاہور پولیس غلام محممود ڈوگر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہر میں بدمعاشوں اور قبضہ گروپوں کی قطعی کوئی گنجائش نہیں،قبضہ مافیا اور ان کے حواری چاہے جتنے بھی بااثر ہوں،قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دوران چیکنگ یہ بات سامنے آئی کہ جوہر ٹاؤن سی ٹو بلاک میں دو پلاٹوں پرنقشہ منظوری کے بغیر غیر قانونی تعمیرات کی جارہی تھیں۔متعدد نوٹسز اورمسماری آپریشنز کے باوجود ملزمان نے غیر قانونی تعمیر جاری رکھی جسے روکنے اور مسماری حکم پر عمل درامد کرنے پرملزم واجد علی و دیگرملزمان پسٹل اور آتشی اسلحہ سے لیس ہو کر کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے متعلقہ افسران و عملہ سے جھگڑا کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگے .
جس پر لاہور پولیس نے بروقت ایکشن لیتے ہوئے ملزم واجد علی کو گرفتار کر لیا۔