بلاول بھٹو

عمران خان کی حکومت نے عوام کے روزگار پر ڈاکا ڈالا ہے،جیالے تیار رہیں، بلاول بھٹو

ٹنڈو الہ یار (لاہورنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے عوام کے روزگار پر ڈاکا ڈالا ہے،

نا اہل حکومت کا مقابلہ کر نے کیلئے جیالے تیار رہیں ،پورے ملک میں پبلک سروس کمیشن چلتا ہے ،صرف ایک صوبہ ہے جہاں تالا لگا ہوا ہے، یہ خان صاحب کی آخری حکومت ہے،ہم سب کو ملکر حکمرانوں کو بھگانا ہے اور پیپلز پارٹی کو حکومت میں لانا ہے ۔

ہفتہ کو یہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جیالوں کو تیاری کرنی ہوگی تاکہ اس نا اہل حکومت کا مقابلہ کرسکیں۔انہوں نے کہاکہ جب بھی غیر جمہوری حکومت ہوتی ہے تو وہ عوام کا خون چوستے ہیں اور ان کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر یہ سلیکٹڈ حکومت ہر طرف سے حملہ آور ہے، وہ انسانی حقوق چھیننا چاہتے ہیں،

جمہوری حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں اور پورے پاکستان کے عوام کے معاشی قتل پر اتر آئے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ جس طریقے سے پہلے روز سے اس ملک کے غریب عوام اس حکومت کے نشانے پر تھی، جب سے یہ حکومت آئی ہے بیروزگاری، غربت مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ مہنگائی کی شرح پاکستان کی بنگلہ دیش، افغانستان سے بھی زیادہ ہے، یہ عمران خان کی تبدیلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت اور بیروزگاری میں اضافہ جو اس حکومت میں ہوا اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پیپلز پارٹی حکومت میں ہوکر کوشش کرتی ہے کہ غریب عوام کا ساتھ دیں مگر اس حکومت نے عوام کے روزگار کے حق پر ڈاکا ڈالا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے دور میں جنہیں روزگار ملا تھا انہیں بھی بیروزگار کردیا گیا، پورے ملک میں پبلک سروس کمیشن چلتا ہے صرف ایک صوبہ ہے جہاں اس پر تالا لگا ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یہ اس لیے کیونکہ سندھ پبلک سروس کمیشن بند پڑا ہوا ہے، 16 ہزار خاندانوں کے ساتھ ناانصافی ہوی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ کیا ہماری قسمت میں لکھا ہے کہ ہم ہمیشہ غریب ہی رہیں گے، ہم سب کو ملکر انہیں بھگانا ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت کو لانا ہے۔انہوںنے کہاکہ خان صاحب کی اگر 3 سال میں کوئی کامیابی ہے تو وہ تاریخی غربت ہے، تاریخی بیروزگاری ہے، تاریخی مہنگائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی جشن منالیں جب پاکستان کے عوام کے ہاتھ میں یہ فیصلہ آئے گا تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے اور نالائقوں کو بھگائیں گے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ امید کرتا ہوں کہ صوبائی صدر نثار کھوڑو جب احتجاج کی کال دیں گے تو یہاں کے کارکن اس احتجاج میں سب سے آگے ہوں گے۔