ڈاکٹر یاسمین راشد

این ایل ای کا امتحان کوئی عجوبہ نہیں ،دنیا بھر میں امتحان ہوتے ہیں،ڈاکٹر یاسمین راشد

راولپنڈی (لاہورنامہ)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ این ایل ای کا امتحان کوئی عجوبہ نہیں ،دنیا بھر میں لائسننگ کے امتحان ہوتے ہیں،

لاہور واقعہ کی پشت پناہی کرنے والوں کا علم ہے ،لاہور احتجاج میں ڈاکٹرز کم اور اسٹوڈنٹس زیادہ تھے اس کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ این ایل ای امتحان ہوں۔

وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب میں 16 سو سے زائد مریض ایک دن میں سامنے آئے ، کورونا سے 24 مریض جاں بحق ہوئے ہیں۔

لاہور،راولپنڈی،ملتان،فیصل آباد،گوجرانوالہ میں سب سے زیادہ مریض سامنے آرہے ہیں، آکسیجن بیڈز بہت حد تک مریضوں کے استعمال میں ہیں، ایچ ڈی یو 45 فیصد زیر استعمال ہیں، پنجاب میں کورونا کا تناسب 6.3 فیصد ہے،

راولپنڈی میں زیرعلاج 220 مریضوں میں سے 85 فیصد وہ ہیں جنھوں نے ویکسین نہیں لگوائی تھی عوام یاد رکھیں وبا سے چھٹکارا پانے کے لئے ویکسینیشن ہی واحد علاج ہے۔ پنجاب میں مائیکرو مینجمنٹ کرکے گھروں میں بھی ویکسینیشن کا عمل شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب میں روزانہ پانچ سے چھ لاکھ ویکسینیشن کی جا رہی ہے، پنجاب میں دو کروڑ ستاسی لاکھ لوگ ویکسینیشن کروا چکے ہیں۔کوشش ہے کہ ستر فیصد ابادی کو ویکسینیشن کروا لیں تو اس وباء سے چھٹکارا مل جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ آر آئی یو کو جون 2022 میں مکمل آپریشنل کر دیں گے، بی بی ایچ میں دس بیڈز پر مشتمل کورونا سی سی یو آج سے فعال کر دیا ہے۔کورونا مریضوں کیلئے ایکٹمرا انجکشن دنیا بھر میں نہیں مل رہاپروڈکشن کمپنی سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہاکہ رواں مالی سال میں 14 ارب روپے کرونا مریضوں کے علاج کے لئے بجٹ مختص کیا گیا،31 اگست تک ویکسینیشن نہ کروانے والے ملازمین کو دفتر نہیں آنے دیا جائیگا۔ این ایل ای کا لائسنسنگ امتحان ہوتا ہے،امریکہ میں بھی ڈاکٹرز کا لائنسنسگ امتحان ہوتا ہے،

لاہور ڈاکٹرز کے احتجاج میں بہت کم ڈاکٹرز آئے زیادہ سٹوڈنٹس آئے۔اسکے پیچھے وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ امتحان ہو۔ پنجاب میں سات مدر اینڈ چائلڈ اسپتال بنا رہے ہیں اور دسمبر تک ہر شہری کو ہیلتھ کارڈ مل جائے گا۔