لاہور (لاہورنامہ) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقد ہوا،
جس میں سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل،ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عامرحسین غازی،چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی،وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عامرزمان خان،ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراطہر،پروفیسر ڈاکٹرجاویدچوہدری و دیگرافسران نے شرکت کی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے اجلاس کے دوران انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن راولپنڈی،ڈی ایچ کیو گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کیلئے طبی سہولیات کی فراہمی،ڈی ایچ کیوساہیوال ہسپتال میں طبی سہولیات کی فراہمی،
مدراینڈچائلڈ بلاک گنگارام ہسپتال لاہور کی تعمیر،ڈینٹل کالج جوبلی ٹاؤن لاہور، نشتر ٹو ملتان،شیخ زید ٹیچنگ ہسپتال 2 رحیم یارخان اورڈی جی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی تعمیر پرجاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹرآصف طفیل اور چیف پلاننگ آفیسرعبدالحق بھٹی نے وزیر صحت کو ترقیاتی منصوبوں پر جاری پیش رفت بارے بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں صحت کے تمام ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کیلئے صحت کے شعبہ میں وسیع پیمانے پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔عوام کو ان کی دہلیزپر صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ صوبہ بھر میں صحت کے تمام منصوبوں کی تکمیل کے بعد عوام کو بین الاقوامی معیارکی طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
پنجاب کے موجودہ سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔ڈیرہ غازی خان انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پوری ڈویژن کے لاکھوں خاندانوں کودل کے امراض میں مبتلا مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرے گا۔ڈینٹل کالج جوبلی ٹاؤن لاہور کی تعمیرکے بعد اہل علاقہ کو بہترین سہولیات دستیاب ہوں گی۔ پنجاب میں صحت کے تمام منصوبوں کو مکمل کریں گے۔صحت اورتعلیم کے شعبہ جات میں ترقی اور جدت وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے مزیدکہاکہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا ایک روپیہ بھی ضائع نہیں ہونے دیں گے۔عوام کامعیارزندگی بلندکرنااور بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے کے علاوہ کوئی ترجیح نہیں ہے۔