کراچی(لاہورنامہ) پی آئی اے نے دو ائر بس A320 طیارے حاصل کر لئے۔ پہلا طیارہ منگل کی صبح اسلام آباد پہنچ گیا جبکہ دوسرا طیارہ چند ہفتوں بعد فضائی بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔ پی آئی اے نے لیز پر طیاروں کے حصول کے لئے ٹینڈر جاری کئے تھے۔ یہ دونوں طیارے امریکی بینک کے ذریعے ڈرائی لیز پر حاصل کئے گئے ہیں۔
پی آئی اے نے فضائی بیڑے میں جدید ترین کم ایندھن خرچ کرنے والے طیاروں کی شمولیت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ دونوں طیارے 2017 ماڈل کے ہیں اور ان میں 170 مسافروں کی گنجائش ہے۔ جدید ترین طیاروں کی شمولیت کا عمل کوویڈ کی وجہ سے تاخیرکا شکار ہوا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر کی ایوی ایشن کی صنعت بھی متاثر ہوئی ہے۔
پی آٗی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے اپنے مسافروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل طیاروں کی شمولیت اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
انہوں نے ائر لائن انتظامیہ کو ان مشکل حالات میں طیارے کی شمولیت پرمبارکباد دی۔ انہوں نے حکومت پاکستان، وزرات خزانہ پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور وزیر ہوابازی غلام سرور خان کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے پی آئی اے کے شعبہ انجینئرنگ اور متعلقہ شعبہ جات کو تما م ضروری کاروائی جلد از جلد مکمل کرنے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں تا کہ طیارہ کو جلد از جلد فضائی آپریشن میں شامل کیا جا سکے۔