شاہ محمود قریشی

رہتی دنیا تک بزرگان دین کے آستانوں کا فیض جاری رہے گا ، شاہ محمود قریشی

ملتان(لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ رہتی دنیا تک بزرگان دین کے آستانوں کا فیض جاری رہے گا، اللہ دلوں کے بھید جانتا ہے ، زائرین مایوس نہ ہوں ، عرس میں شرکت نہ کرنے والے زائرین مت گھبرائیں ، ان کی عقیدت پہنچ رہی ہے ،اس آستانے کے دروازے کبھی زائرین پر بند نہیں ہو سکتے۔

تفصیلات کے مطابق عظیم صوفی بزرگ حضرت بہاوالدین زکریا ملتانی کے 782 ویں سالانہ عرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیر خارجہ و گدی نشین درگاہ عالیہ مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہاکہ عالمی وبا کورونا کی وجہ سے ماضی کی طرح کی نشستوں کو منعقد نہیں کر سکے ، وبا کی وجہ سے عرس تقریبات کو محدود کرنے کا مشکل فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ سینکڑوں سال کی روایت میں تعطل کی اجازت نہیں دے سکتے ، اللہ دلوں کے بھید جانتا ہے ، زائرین مایوس نہ ہوں ، عرس میں شرکت نہ کرنے والے زائرین مت گھبرائیں ، ان کی عقیدت پہنچ رہی ہے ،اس آستانے کے دروازے کبھی زائرین پر بند نہیں ہو سکتے۔

انگریز اور سکھ حکمران بھی یہ آستانے بند نہیں کروا سکے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے حج جیسے فریضے کو بھی محدود کرنا پڑا، اس سال صرف 10 ہزار مقامی لوگوں کو حج کی اجازت دی گئی ہے ، کورونا وائرس بڑی خطرناک وبا ہے ، لاکھوں کی جگہ چند ہزار لوگوں نے حج کیا ، کورونا وبا کی وجہ سے روضہ رسول پر بھی بندشیں نافذ کرنا پڑیں۔

سالانہ عرس کی اختتامی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سجادہ نشیں مخدوم شاہ محمو د قریشی نے کہاکہ میری آواز میڈیا کے ذریعے ان تمام لوگوں تک پہنچ رہی ہے جو یہاں نہیں آسکے، میں ان کو سمجھانا چاہتا ہوں کہ کبھی یہ دل میں نہ لانا کہ اس آستانے کے دروازے آپ پر بند ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان آستانوں نے بہت سے ادوار دیکھے، ان آستانوں نے سکھ اور انگریز دور بھی دیکھا مگر ان آستانوں کو بندنہ کیا جاسکا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہاکہ ہم رہیں یا نہ رہیں مگر ان آستانوں کا فیض جاری رہے گا۔ واضح رہے کہ برصغیر پاک وہند کے عظیم صوفی بزرگ حضرت بہاالدین زکریا ملتانی کے 782ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آج اخری روزہے۔ وزیرخارجہ و گدی نشین درگاہ عالیہ شاہ محمودقریشی نے عرس مبارک کے آخری روز اختتامی دعا بھی کروائی ۔