عظمیٰ بخاری

غلطیاں تم کرو ،ملک کو شرمندہ تم کرائو اور قصوروار شریف فیملی ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور( لاہورنامہ) مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے شیخ رشید اور فیاض الحسن چوہان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ رشید اور فیاض الحسن چوہان میں تھوڑی سی بھی غیرت ہوتی تو عوام اور دنیا سے ذلیل و خوار ہونے کے بعد کچھ دن عوام کو اپنا منہ نہ دکھاتے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو پتہ چل گیا ہے شیخ رشید اور فیاض الحسن چوہان صرف ٹی وی پر بڑھکیں مارنے کی تنخواہیں وصول کررہے ہیں،پرچی وزیر اپنی نوکریاں پکی کرنے کیلئے صبح شام قوم کو بھاشن دیتے ہیں،دنیا عمران خان کی اوقات اسلام آباد کے میئر سے بھی کم سمجھتی ہے اوریہ چلے ہیں شریف خاندان کی خدمت اور حب الوطنی پر سوال اٹھانے ۔

انہوں نے کہ اکہ مریم نواز نے عمران خان کو انہی کا بیان یاد دلایا،مریم نواز کی ایک ٹویٹ پر سب وظیفہ خوار ترجمان ہواس باختہ ہو گئے ،نوازشریف اور مریم نواز کی سیاست ختم کرنے والے ان کی ایک ٹویٹ پر اپنا دماغی توازن کھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سبز پاسپورٹ کی عزت زبانی کلامی اور کھوکھلے دعوئوں سے نہیں کرسکتی ،نوازشریف نے حقیقی معنوں میں سبز پاسپورٹ کو دنیا میں عزت دلائی ،غلطیاں تم کرو ،ملک کو شرمندہ تم کرائو اور قصوروار شریف فیملی ہے؟۔