شبلی فراز

نیوزی لینڈ کے سیریز ملتوی کرنے پر غصہ اور افسوس بھی ہے ،شبلی فراز

اسلام آباد (لاہورنامہ) وفاقی و زیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ مہنگائی ہے تو وجوہات بھی ہیں ، اپوزیشن کی منافقت نہیں چلے گی ،نیوزی لینڈ کے سیریز ملتوی کرنے پر غصہ اور افسوس بھی ہے ،

الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر آرڈیننس نہیں لا رہے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے قانون کا بل مشترکہ اجلاس میں لیکر آئیں گے۔ گجرات فین ایسوسی ایشن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری بجلی کی ضرورت گرمیوں میں 24000 میگاواٹ ہوتی ہے ،60 سے 65 فیصد بجلی کولنگ کیلئے استعمال ہوتی ہے ،

ملک میں غیر معیاری بجلی کی مصنوعات بنتی ہیں ،جو ضرورت سے ذیادہ بجلی استعمال کرتی ہیں ۔انہوںنے کہاکہ جاپان نے اپنی بجلی کی مصنوعات کو معیاری بنانے پر توجہ دی ،80 ملین پنکھے مارکیٹ میں ہیں ،غیر معیاری پنکھے کا بل 950 روپے آتا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سٹار فائیو ریٹنگ کے پنکھے کا بل 384 روپے بل آئے گا ،3400 میگا واٹ بجلی معیاری پنکھوں سے بچائی جا سکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے سٹار ریٹنگ کے پنکھے سے انھیں کیا فوائد ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف توازن کھو بیٹھے ہیں ،ان کے بینک اکائونٹس بڑھے ملک غریب ہوا،ان کے لیڈر محلوں میں بیٹھے ہیں.

اپنی جائیدادیں پاکستان لیکر آئیں ،مہنگائی بالکل ہے مگر اس کی وجوہات بھی ہیں ،ان کی منافقت نہیں چلے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نیوزی لینڈ کے سیریز ملتوی کرنے پر غصہ بھی ہے اور افسوس بھی ۔ انہوںنے کہاکہ ہیڈ آف اسٹیٹ لیول کی سکیورٹی ٹیم کو دی گئی تھی۔ انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر آرڈیننس نہیں لا رہے ،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے قانون کا بل مشترکہ اجلاس میں لیکر آئیں گے۔