نیویارک(لاہورنامہ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک بھارت ہوسکتا ہے،نیوزی لینڈ ٹیم پر دہشتگردی سے متعلق پاکستانی سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہواتھا،
نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، حکومت نے بس کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیم کو اسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی،بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے، وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، امریکا کے لیے براہ راست پی آئی اے فلائٹس کی کوشش کررہے ہیں،
ماضی میں دیگر اداروں کی طرح پی آئی اے کو بھی نوچا گیا۔ نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں، ملک کو جب بھی مشکل پڑی بیرون ملک پاکستانیوں نے تعاون کیا، گزشتہ برس بیرون ملک پاکستانیوں نے 29.4ارب ڈالر کی ترسیلات ملک میں بھیجیں،
روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے ذریعے 2 ارب ڈالر سے زائد کی رقم پاکستان منتقل ہوچکی، بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہتے ہیں تو انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مشکلات کا اندازہ ہے، وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ بیرون ملک آباد پاکستانی کمیونٹی کو ملکی حالات سے آگاہ رکھیں، بیرون ملک سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں نادرا ڈیسک کے قیام پر چیئرمین نادرا کے شکرگزار ہیں،
نادرا ڈیسک کے قیام سے بیرون ملک پاکستانیوں کو فائدہ ہوگا، بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور اس سلسلے میں قانون سازی کی جارہی ہے، اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ای کچہری سسٹم بھی لارہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم سیکیورٹی سے مطمئن تھی، اس لیے وہ پاکستان آئی تھی، پاکستانی سیکیورٹی اداروں کو کوئی تھریٹ موصول نہیں ہوا، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے آخری وقت پر آگاہ کیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے نہیں کھیل سکتے، نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ہر طرح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی، حکومت نے بس کے بجائے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ٹیم کو اسٹیڈیم پہنچانے کی بھی پیشکش کی، نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے پڑوسی ملک بھارت ہوسکتا ہے۔