لاہور (لاہورنامہ) ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء اعجاز احمد منہاس نے آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت الحمراء کو موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے لئے 8رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
سکرونٹی کمیٹی میں حامد علی خان،سید نور،جاوید اقبال،غلا م مصطفی،مجاہد عباس، جواد وسیم،عرفان خان اور ذوالفقار علی زلفی شامل ہیں۔اس کمیٹی کا پہلا اجلاس ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء اعجاز احمد منہاس کی زیر صدارت الحمراء کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں حامد علی خان،سید نور،جاوید اقبال،مجاہد عباس،جواد وسیم،عرفان خان اور ذوالفقار علی زلفی نے شرکت کی اور درخواستوں کا جائزہ لیا۔اس حوالے سے اعجاز احمد منہاس نے کہا کہ محکمہ اطلاعات وثقافت کی طرف سے جاری کردہ آرٹسٹ سپورٹ فنڈ کے تحت الحمراء کو فنون لطیفہ سے وابستہ افرا د کی درخواستیں موصول ہوئی جنہیں بے حد احتیاط کے ساتھ جانچا جا رہا ہے،
سکرونٹی کمیٹی کے ممبران موصول ہونے والی درخواستوں کو بخوبی دیکھ رہے ہیں،منتخب ہونے والے آرٹسٹوں کو امداد کے اہل قرار دیا جائے گا،”آرٹسٹ سپورٹ فنڈ“ کو فنون لطیفہ کے وابستہ تجربہ کار فنکاروں،گلوکاروں،آرٹسٹوں کی خدمات حاصل ہیں۔ڈائریکٹر آرٹس اینڈ کلچر الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے اپنے تاثرات میں کہا کہ میں کمیٹی کے تمام ممبران کا مشکور ہوں جو اپنی اعلی خدمات پیش کر رہے ہیں،کسی کی حق تلفی نہیں کی جائے گی،درخواستوں کے ساتھ لف کوائف کو بغو ر جانچا جا رہا ہے۔