لاہور:پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار حبیب کی 5ویں برسی 25فروری کو منائی جائے گی۔ ان کا اصل نام حبیب الرحمن تھا اور ان کا خاندان قیام پاکستان کے بعد پٹیالہ سے لاہور منتقل ہو گیا تھا۔ انہوں نے لاہور میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہدایت کار لقمان (مرحوم ) کی فلم لخت جگر میں بطور ہیرو پہلی مرتبہ کام کیا۔
انہوں نے فلموں ایاز، جی دار اور موج میلہ سے بھرپور کامیابی حاصل کی جبکہ ان کی اردو فلم” زہرعشق“ نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کئے۔ حبیب نے اپنے دورکی اکثریتی ہیروئنوں شمیم آرا، دیبا، زیبا، سلونی، نغمہ اور رانی کے ساتھ بہت کام کیا۔ اداکار حبیب کو حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ امتیاز اور تمغہ حسن کارکردگی ملا۔
حبیب نے 600سے زائد اردو اور پنجابی فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں جنٹرمین، بھائی چارہ، مکھڑا چن ورگا اور بابل دا ویہڑہ کامیاب رہیں۔ نغمہ کے ہمراہ ان کی فلمی جوڑی بہت ہٹ ہوئی۔ بعدازاں حبیب کی نغمہ سے شادی بھی ہوگئی جو کچھ عرصہ کے بعد ناکام ہوگئی جن سے ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ حبیب 85برس کی عمر میں طویل بیماری کے بعد لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
Load/Hide Comments