شیخ رشید احمد

مسلم لیگ (ن) کو 3 دھڑوں میں تقسیم ہوتا دیکھ رہا ہوں، شیخ رشید احمد

اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ایک با رپھر دعویٰ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) 3 دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی، دو سال بعد ایک نیا سیاسی ماحول دیکھ رہا ہوں جس میں آج جیسے حالات نہیں ہوں گے،

مسلم لیگ (ن) انتشار، خلفشار اور باہمی جوڈو کراٹے سے دوچار ہوگی، حکومت اور الیکشن کمیشن میں جوڈو کراٹے کا ماحول کم ہو رہا ہے،تحریک انصاف کے دفن ہونے کی باتیں کر نے والے شہباز شریف اپنے لئے دم درود کروائیں ،آئندہ انتخابات شفاف اور درست ہوں گے،پاکستان میں القاعدہ، داعش، کالعدم ٹی ٹی پی، بیت الاسلام سمیت انتہا پسند تنظیموں کا خطرہ موجود ہے۔

پیر کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف دفن ہوجائیگی، وہ 2 سال بعد اپنے لیے دم درود کروائیں، اپنے لیے سوچیں، آپ کے خاندان میں وراثت کی لڑائی شروع ہوچکی ہے جو 2 سال بعد نہ جانے کس نتیجے پر پہنچے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال قبل میں نے پیش گوئی کی تھی کہ (ن )میں سے ش الگ ہوجائے گی،

اب میں کچھ اور نکلتا ہوا بھی دیکھ رہا ہوں، پہلے میرا خیال تھا کہ 2 گروپس ہوں گے، اب میں یہ پیش گوئی کرتا ہوں کہ 3 گروپ ہوں گے۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ 2 سال بعد ہونے انتخابات شفاف ہوں اور ان میں کوئی دھاندلی نہ ہو تو ان سے یہ وعدہ ہے کہ آئندہ انتخابات شفاف اور درست ہوں گے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف یہی آپ کا مطالبہ ہے اور یہی عمران خان کی رائے ہے کہ مشین کے ذریعے انتخابات ہوں،

اچھی بات ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکومت قریب آرہے ہیں اور جوڈ کراٹے کا ماحول کم ہورہا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ میرے نام سے پیغامات چلائے گئے کہ میں نے چیف الیکشن کمشنر کی حمایت کے لیے خط لکھا تھا، میں نے خط وفاقی محتسب کے لیے لکھا تھا۔