شہباز شریف

برطانیہ کی عدالت سے کلین چٹ ملنے کے بعد حکومتی صفوں میں کہرام مچا ہوا ہے، شہباز شریف

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات اور برطانیہ کی عدالت سے کلین چٹ ملنے کے بعد حکومتی صفوں میں کہرام مچا ہوا ہے ،

سوا تین سال میرے خاندان کے خلاف طوفان بدتمیزی مچا رہا، اربوں ، کھربوں کے الزامات الزامات لگے لیکن حالیہ فیصلے سے حقائق پوری قوم کے سامنے آچکے ہیں، یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی نے از خود تحقیقات کا آغاز کیا لیکن خط و کتاب سے سب کچھ واضح ہے ، ڈی جی نیب لاہور نے لندن کا دورہ کیا اور نیشنل کرائم ایجنسی کو معاونت کی پیشکش کی ،

تحقیقات کے دوران جب ہمارے خلاف پیشرفت ہوتی ہوئی نظر نہیں آئی تو نیب اور ایسٹ ریکوری یونٹ کے ہاتھ پائوں پھول گئے اور پھر ایف آئی اے کی بھی اینٹری کرائی گئی ،عدالت کے ٹھپے کے بعد عمران نیازی اور ان کے چیلوں کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا ہے، مجھے بدنام کرنے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی گئی، قدرت کا نظام ہے، وقت ثابت کرے گا کون صادق اور امین ہے، کیا علیمہ خان کی مشینوں کا کیس نیشنل کرائم ایجنسی کو بھیجا گیا ؟

یہ سنگین مذاق اب ختم ہونا چاہیے ، یہ فیصلہ اعلیٰ عدالتوں ، مقنہ سمیت ہر زندگی کے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کے لئے لمحہ فکریہ ہے ،عمران خان کو دن اوررات میں خواب میں ملتاہوں،میری بدنامی پرجتنا پیسہ حکومت نے خرچ کیاوہ توکردیا،حکومت نے میرے ساتھ ساتھ ملکی ساکھ بھی متاثر کی ،کسی کو عدالت عظمی، عدالت عالیہ اور اب لندن کی عدالت کے فیصلے کے بعد بھی کوئی شک ہے تو وہ کسی حکیم سے اپنا علاج کرائے ،

جب جادو ٹونہ بند ہو جائے گا تو ملک میں چلنے والا تماشہ بھی بند ہو جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب، ڈپٹی جنرل سیکرٹری عطا اللہ تارڑ اور پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کے بعد برطانیہ کی عدالت کی کلین چٹ سے حقائق قوم کے سامنے آ چکے ہیں ، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے ،انسان صرف کوشش کر سکتا ہے.

میرے اوپر الزام عائد کیا گیا کہ میں نے یا میرے بچوں نے خدا نخواستہ زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے آنے والے ڈیفڈ کے پیسوں میں کرپشن کی ،2006ء کے حوالے سے یہ الزام عائد کیا گیا حالانکہ میں اس وقت جلا وطنی میں تھا ۔ ڈیفڈ نے 15جولائی 20019کو چھٹی والے دن دفتر کھول کر اس کی تردید جاری کی ،ڈیفڈ ایک عالمی ادار ہے ۔اس کے بعد میں نے دس سال نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کے عوام کی خدمت کی ۔ڈیفڈ نے واضح کہا کہ پنجاب میں شہباز شریف کے دو ر کے دوران جتنی بھی امداد دی گئی تھی اس کا شفاف طریقے سے استعمال ہوا او رکوئی کرپشن کا شائبہ تک نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج تک ہم پر اربوں ، کھربوں روپے کے بے پناہ الزامات لگے ہیں لیکن نیب ، ایف آئی اے میرے یا نواز شریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن کا نا قابل تردید ثبوت لے کر نہیں آسکا ۔ انہوں نے کہا کہ جولائی 2019ء میں ڈیلی میل میں سٹوری چھپوائی گئی ،یہ لندن میں دھوم دھام سے میرے اور میر ے بچوں کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی کے پاس گئے ۔