اسلام آباد (لاہورنامہ)کسٹمز ڈیوٹیز محصولات میں 10 بڑے شعبہ جات کا حصہ 61 فیصد رہا ہے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) کی ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 21-2020کے دوران کسٹمز ڈیوٹیز کے مجموعی محصولات میں 10 بڑے معاشی شعبوں کا حصہ 61فیصد رہا ہے۔
کسٹمز ڈیوٹیز کی مد میں حاصل کی گئی رقم ایف بی آر کی مجموعی ٹیکس وصولیوں کا تقریبا 16 فیصد رہی ہے،مالی سال 20-2019 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 21-2020 کے دوران کسٹمز ڈیوٹیز محصولات میں 19.3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں کسٹمز ڈیوٹیز کی وصولیاں 21-2020 میں 747.3 ارب روپے تک بڑھ گئیں۔
اس طرح گزشتہ مالی سال میں کسٹمز ڈیوٹیز محصولات میں 126.6 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال میں ایف بی آر کی مجموعی کسٹمز ڈیوٹیز وصولیوں میں قومی معیشت کے 10 بڑے شعبوں کا حصہ 61 فیصد رہا ہے۔ ان شعبہ جات میں پیپر اینڈ بورڈ ، ربڑ، وہیکلز ، مشینری اور آئرن اینڈ سٹیل وغیرہ کے شعبہ جات شامل ہیں۔