اسلام آ باد (لاہورنامہ) وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاناما اور پنڈورا لیکس وزیراعظم کے موقف کو تقویت دیتے ہیں اور پنڈورا باکس کی ٹائمنگ بالکل ٹھیک ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ آف شورکمپنیز کو ڈکلیئرکرنا ضروری ہے اور ایسی کمپنی ڈکلیئر نہ کرنے والے ملزم ہیں اور ان ملزمان کو پاکستانی قانون کے مطابق سزا بھگتنی چاہیے۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جدوجہد کرپشن کے خلاف اور بیرون ملک سے پیسہ واپس لانے کے لیے رہی ہے۔غریب ملکوں کا پیسہ بیرون ملک منتقلی کو روکنا ہوگا۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم کے خطاب میں بھی بیرون ملک سے پیسہ واپسی کے عمل پرعالمی سطح پرقابل عمل کارروائی پر زور دیا گیا۔ فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ رکن پنجاب اسمبلی علیم خان کی کمپنی کا بار بار نام آنا مناسب نہیں کیوں کہ علیم خان پہلے ہی کمپنی ڈکلیئرکرچکے ہیں۔
ان سے سوال کیا گیا کہ پنڈورا لیکس کے بعدمریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا نام ہونے کی غلط خبر کچھ نجی چینلز نے چلائی لیکن اس کی حقیقت کیا ہے۔ اس پر فواد چوہدری نے بتایا کہ یہ خبر پی ٹی وی پر نہیں چلی اور کسی نے پی ٹی وی کا فیک آرٹ ورک بنا کر وائرل کردیا اور اس کو تحقیقات کے بغیر چلایا گیا۔فواد چوہدری نے کہا کہ فیک نیوز پر قانون سازی کی ضرورت ہے تاہم پرائیوٹ میڈیا ہاوسز اس کے خلاف ہیں۔