اسلام آباد (لاہورنامہ)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ دبئی ایکسپو پاکستان کو دنیا تک رسائی کا بہترین موقع دے رہی ہے،دبئی ایکسپو میں پاکستانی پویلین کا مقصد ملک کے مثبت رخ اور ثقافتی ورثے کو ظاہر کرنا ہے،
پاکستان یو اے ای برادرانہ تعلقات میں پیش رفت ہوئی ہے،خلیجی ممالک سے مضبوط اور کثیر الجہتی تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہیں،پْر امن افغانستان علاقائی رابطوں، اقتصادیات اور ترقی کے لیے ضروری ہے، پرْ امن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے،افغانستان میں امن کا سب سے بڑا خواہش مند پاکستان ہے،
وہاں استحکام اور دیرپا امن کے لیے عالمی برادری کا تعمیری کردار ضروری ہے۔انہوں نے ایکسپو 2020 دبئی کی عالمی سطح پر پذیرائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان پویلین کے افتتاح کے لیے دو روزہ دبئی دورے میں ان کے ہمراہ اعلی حکومتی عہدیدار اور معروف تاجر بھی ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ وہ پاکستانی کمیونٹی کے ممبران ، معروف تاجروں اور میڈیا پرسنز سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان کا یہ دورہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سفارتی تعلقات کے 50 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے بھی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قابل تجدید توانائی ، معدنی وسائل ، رئیل اسٹیٹ ، انجینئرنگ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، زراعت اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے بے مثال مواقع فراہم کرے گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایکسپو 2020 دبئی میں ہماری فعال موجودگی جیو اکنامکس پر ہماری توجہ کی عکاسی کرتی ہے۔ ‘پوشیدہ خزانہ’ کے عنوان کے ساتھ ، ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستان پویلین کا مقصد پاکستان کے مثبت تشخص اور ملک کے بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا ہے۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں اور سالہاسال سے فروغ حاصل کر رہے ہیں۔
ہم نے تسلسل کے ساتھ قیادت کی سطح پر روابط کو برقرار رکھا ہے جس کا مقصد سیاسی ، اقتصادی ، تجارت اور سرمایہ کاری ، ثقافتی اور دفاعی تعاون کا جائزہ لینا اور بڑھانا ہے۔ ہمہ جہت اسٹریٹجک تعلقات ، بہتر معاشی روابط ، علم اور ٹیکنالوجی کے اشتراک کے ساتھ ساتھ سیاحت اور سماجی شعبوں میں تعاون ہماری فوری توجہ کے شعبے ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے لیے بہت بڑا اثاثہ ہیں، پاکستان دنیا بھر میں رہنے والے اور خاص طور پر خلیجی خطے میں کام کرنے والے اپنے تمام شہریوں کی بہت قدر کرتا ہے کیونکہ وہ ہمارے ملک کی معاشی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی تارکین وطن نے گزشتہ سال 6 بلین ڈالر سے زائد ترسیلات زر کے ساتھ اپنے ملک کی معیشت میں حصہ ڈالا۔ افغانستان کی صورت حال اور پاکستان کے کردار کے حوالے سے خطے میں حالیہ پیش رفت کے بارے میں صدر عارف علوی نے کہا کہ ہم افغانستان میں ہونے والی پیش رفتوں کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور اس مسئلے پر عالمی برادری اور افغانستان کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان مسئلہ کے سیاسی حل کی ضرورت پر مسلسل زور دیا ہے اور افغانستان میں امن کے لیے ہر کوشش کی حمایت کی ہے۔
ہم علاقائی اور بین الاقوامی تمام میکانزم کا حصہ رہے ہیں جس کا مقصد افغانستان میں امن اور استحکام ہے۔ صدر مملکت نے مزید کہا کہ پاکستان خود افغانستان کی صورت حال کا سب سے بڑا شکار رہا ہے ، جس نے لاکھوں مہاجرین کی میزبانی کے علاوہ 80 ہزار سے زائد جانیں اور معیشت کے حوالے سے 150 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھایا ہے۔
علاقائی رابطہ ، معاشی انضمام اور ترقی کے ہمارے وژن کو سمجھنے کے لیے افغانستان میں امن بھی ضروری ہے۔ یہ ایک پرامن اور مستحکم افغانستان میں ہماری دلچسپی کو بیان کرتا ہے۔ لہذا ، افغانستان میں امن کا سب سے زیادہ خواہش مند ملک پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر بھی زور دیتے رہے ہیں کہ انسانی بحران سے بچنے اور افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مستقل اور تعمیری مصروفیت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ صدر علوی نے کہا کہ مسلم امت کے ایک حصے کے طور پر خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ہمارے ان ممالک کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں جو مشترکہ عقیدے ، ثقافت ، اقدار اور مشترکہ تاریخ پر مبنی ہیں۔ خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط ، کثیر جہتی تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں۔