چلاس(لاہورنامہ)بابو سر ٹاپ اور گیٹی داس پر رات گئے پھنسی 22 گاڑیوں اور مسافروں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پھنسی ہوئی گاڑیوں اور مسافروں کو ریسکیو کرکے چلاس پہنچا دیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق چلاس شہر اور گردونواح میں رات سے بارش، بابو سر ٹاپ، فیری میڈوز، نانگا پربت میں برفباری دن بھر جاری رہی ،برفباری کے باعث بابوسر ناران نیشنل ہائی وے عارضی طور پر بند ہوگئی ۔بابوسر ٹاپ پر 16 انچ تک برف پڑی ہے، ہائی وے کی بندش سے بابوسر اور ناران کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،
دوسری جانب سماہنی، بھمبر آزاد کشمیر میں تیز ہوا کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ اسلام آباد، راولپنڈی اور مینگورہ میں بھی بادل برسنے سے سردی بڑھ گئی ہے۔