اسلام آباد (لاہورنامہ) ترجمان وزیراعظم، معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ مریم اورنگزیب جیسے درباریوں کو معیشت کی الف ب نہیں پتہ، خوشامد اور چاپلوس درباریوں کا معیشت پر پروپیگنڈہ روز کا ناٹک ہے۔
ڈاکٹر شہباز گل نے کہاکہ نااہلوں کو نہ عوام سے مطلب ہے نہ مہنگائی سے، نااہلوں کی ایک ہی منشاہے کہ ان سے کرپشن کا سوال نہ پوچھا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام کے نام پر پٹی ہوئی سیاست چمکانے کی کوششیں ناکام ہونگی، ڈالر مصنوعی طور پر 100 پر رکھ کر معیشت کو تباہ کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت نے نااہلوں کی تباہ حال معیشت کو درست سمت دی، تحریک انصاف نے ڈوبتی معیشت کو سنبھالنے کے ساتھ کورونا وبا کا بھی مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کورونا نے پوری دنیا میں تباہی مچائی، اموات کے ساتھ معیشتیں بھی ڈوبیں۔ انہوں نے کہاکہ 30 سال ملک لوٹنے والوں کو عوام کی بات کرنا زیب نہیں دیتا۔