پرویزالٰہی, ڈینگی

موجودہ حکومت ڈینگی کیلئے پنجاب بھر میں فوری سپرے شروع کروائیں، پرویزالٰہی

لاہور(لاہورنامہ) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے پروفیسر ڈاکٹر عبدالمجید چودھری کی سربراہی میں صدر سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی پروفیسر لاماوانسے نے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔

وفد میں پروفیسر باونتھے گیماج سیکرٹری جنرل سیکرٹری سارک سرجیکل کیئر سوسائٹی اور پروفیسر فاروق افضل صدر سوسائٹی آف سرجنز لاہور شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کو ڈینگی وائرس بروقت کنٹرول کرنا چاہئے تھا، کورونا کے بعد اب ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑھ لیے ہیں، روز بروز ڈینگی کی صورتحال خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت سارے پنجاب میں فوراً سپرے شروع کروائے تا کہ ڈینگی وبا کے بڑھتے ہوئے مرض کو کنٹرول کیا جا سکے اور قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سری لنکا نے ڈینگی وائرس کو بروقت کنٹرول کیا، پاکستان کو بھی ڈینگی کے مقابلے کیلئے سری لنکا کی ریسرچ سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اپنے ماہرین کو سری لنکا بھجوانا چاہئے.

تاکہ پنجاب بھی اس موذی مرض سے نجات حاصل کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کر سکے۔ سری لنکن پروفیسر لاماوانسے نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تعلقات ہمیشہ مثبت رہے ہیں، ڈینگی وبا کے خاتمے اور ریسرچ سیل کے تبادلہ کیلئے ہم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا ڈینگی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا۔