اسلام آباد (لاہورنامہ) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ بھی ہوگا اور اس حکومت کا جانا بھی ہوگا، اگر پی ڈی ایم سے ہتک آمیز رویے کا سامنا نہ ہوتا تو آج تک یہ حکمران جا چکے ہوتے۔
وہ سینئر رہنما نیئر حسین بخاری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ خورشید شاہ کی ضمانت ملک میں تمام جمہوریت پسندوں کو مبارک ہو، جس طرح خورشید شاہ کی ضمانت ہوئی اسی طرح کیس بھی ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کو پیپلزپارٹی سے وفا کی سزا مل رہی ہے، جمہوری کارکن کو سزا دی جارہی ہے،
یہ آوازیں دبانے والی بات ہے، ہم قانون کی عدالت میں بھی بے گناہ ہوں گے، ہم اپنے راستے سے نہیں ہٹیں گے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں آئینی حکمرانی کا دور ضرور آئے گا، پیپلزپارٹی اللہ کے اشارے اور عوامی نعرے پر چلتی ہے، سب سے پہلے پیپلز پارٹی نے عوام کیلے آواز اٹھائی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیئر بخاری نے کہا کہ عدالتوں کو ایگزیکٹو کے ساتھ منسلک نا کیا کریں، آج ہمیں آئینی عدالت سے میرٹ پر ضمانت ملی ہے،
پی ڈی ایم کے پچیس مارچ کے لانگ مارچ کو سبوتاڑ کس نے کیا؟ اگر لانگ مارچ ہو جاتا تو یہ حکومت ایوان میں نہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ پراسیکیوٹر آکر کہتے تھے کہ ہم نے سپلیمنٹری ریفرنس فائل کرنا ہے، انصاف کے تقاضے مدنظر رکھتے ہوئے خورشید شاہ کو ضمانت ملی ہے، موجودہ حکمرانوں نے شاہ صاحب کے خلاف جھوٹے الزامات پر مقدمات بنائے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے خورشید شاہ کیخلاف مقدمات بنائے جن کی کوئی بنیاد نہیں تھی۔