اسلام آباد (لاہورنامہ)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے بحرین کے سفیر محمد ابراھیم محمد عبدالقادر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور بحرین کے مابین پارلیمانی سطح پر خوشگوار تعلقات موجود ہیں۔اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان بحرین کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے مواقع کی نسبت دوطرفہ تجارتی حجم کم ہے۔اسد قیصر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے چیمبر ز آف کامرس کی مابین رابطوں میں فروغ ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ بحرین کے نمائندگان کی کونسل کے اسپیکر کا نومبر میں متوقع دورہ پاکستان پارلیمانی رابطوں کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں بہترین ہنر مند افرادی قوت موجود ہے ، بحرین پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت سے استفادہ حاصل کر سکتا ہے۔ بحرینی سفیر نے کہاکہ بحرین پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے ۔ محمد ابراہیم محمد عبد القادر نے کہاکہ بحرین اقتصادی و عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
سفیر نے کہاکہ بحرین میں مقیم پاکستانی بحرین کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، بحرین پاکستان سے مزید ہنرمند افرادی قوت درآمد کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔