اسلام آ باد (لاہورنامہ ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں 38 فیصد اضافے کے ساتھ 1395 ارب کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں، پاکستان فوڈ سیکورٹی میں سرپلس ہونے جارہا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فرخ حبیب نے کہا کہ حقائق یہ ہیں کہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں غیر ملکی ترسیلات میں 12.5 فیصد اضافے کے ساتھ 8 ارب ڈالر، برآمدت 38 فیصد کے اضافے کے ساتھ 7 ارب ڈالر رہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ ایف بی آر نے پہلی سہ ماہی میں 38 فیصد اضافے کے ساتھ 1395 ارب کی ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔ وزیر مملکت اطلاعات کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل ایکسپورٹس 28 فیصد اضافے کے ساتھ 4.437 ارب ڈالر رہیں، آئی ٹی ایکسپورٹس 42.7 فیصد اضافے کے ساتھ 635 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا ہے اور لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں جولائی اگست کے پہلے 2 ماہ میں 7.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فرخ حبیب نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ 30 سال بعد کسی وزیراعظم نے زراعت پر توجہ دی ہے جس سے پاکستان فوڈ سیکورٹی میں سرپلس ہونے جارہا ہے۔ فرخ حبیب نے مزید کہا ہے کہ خریف کی فصلوں میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق گنے کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ، مکئی 18 فیصد اضافہ، کاٹن 60 فیصد اضافہ اور چاول میں 18 فیصد اضافہ متوقع ہے، انشا للہ گندم کی آئندہ پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوگا۔