لاہور (لاہورنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ آج تک کسی بھی حکومت نے قیدیوں اور جیل ملازمین کی حالت زار پر توجہ نہیں دی. ،پنجاب حکومت نے قیدیوں کے ساتھ جیل ملازمین کو ریلیف دینے کیلئے خصوصی پیکیج دیا ہے،
تنخواہوں و الائونسز کے ساتھ جیل ملازمین کو ایک اضافی بنیادی تنخواہ کے برابر پریزن سکیورٹی الائونس دیا جائے گا اور اس پیکیج پر تقریبا2 ارب 77 کروڑروپے خرچ ہوں گے۔ ہفتے کو جاری بیان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جیل وارڈن، ہیڈ وارڈن اور چیف وارڈن کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ،
جبکہ ان پوسٹوں کی اپ گریڈیشن پر 9کروڑ 24لاکھ روپے خرچ ہوں گے،محکمہ جیل خانہ جات کو 21 آپریشنل گاڑیاں دی جا رہی ہیں جس پر 10کروڑ 64لاکھ روپے صرف ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پولیس شہدا پیکیج کی طرز پر جیل شہدا کے مروجہ پیکیج میں اضافہ کیا ہے جبکہ پنجاب پریزن سروس کے شہدا کے بچوں کو بھی سرکاری ملازمت دی جائے گی،پنجاب پریزن فائونڈیشن کے اشتراک سے جیل ملازمین کے بچوں کو اسکالرشپ، جہیز فنڈاور میڈیکل الائونس بھی دیا جائے گا اور ہر جیل کو 2، 2 جیل وین دی جائیں گی،
72 وین کی فراہمی پر 91 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئیگی،تا ریخی پریزن پیکیج سے فرسودہ نظام میں حقیقی تبدیلی آئے گی ،یہ صرف ایک پیکیج نہیں بلکہ قیدیوں اورجیل ملازمین کی ضروریات کو مدنظررکھ کر ریلیف کی فراہمی کا جامع پروگرام ہے۔