لاہور (لاہورنامہ) ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے سرگرم عمل ڈائیلاگ کلائمینٹ چینج کے زیر اہتمام پاکستان ڈیبیٹنگ سپر لیگ کے عنوان سے منعقدہونے والے آل پاکستان پارلیمانی مباحثے میں امیر الدین میڈیکل کالج لاہور کی ٹیم نے کراچی کو شکست دے کر ملکی سطح پر کامیابی حاصل کر لی۔
جنرل ہسپتال سے منسلک اے ایم سی کے سٹوڈنٹس سعد جاوید، حارث طاہر اور حزیفہ وسیم نے فائنل مقابلے میں میدان مار لیا جس پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے مبارکباد دیتے ہوئے اسے ادارے کے لئے قابل فخر اقدام قرار دیا اور کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی نے جیت اور کامیابی کی روائیت برقرار رکھی ہے جو اس ادارے کے لئے کسی بڑے اعزاز سے کم نہیں۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ہے کہ اس ادارے کے میڈیکل سٹوڈنٹس پیچیدہ اور مشکل سائنسی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جس سے نہ صرف ادارے کا نام روشن ہوتا ہے بلکہ طلبا و طالبات کی شخصیت میں بھی نکھار پیدا ہوتا ہے۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے لے کر آج تک میڈیکل سٹوڈنٹس کھیلوں اور دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے ہیں لیکن ڈیبیٹنگ سوسائٹی کا کامیابیاں حاصل کرنے کا ریکارڈ منفرد ہے جس پر وہ اس سوسائٹی کے سرپرست پروفیسر صاحبان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انشاء اللہ مستقبل میں بھی کالج کے طلبا و طالبات اسی طرح کامیاب ہوتے رہیں گے اور ادارے کیلئے فخر کا باعث بنیں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ امیر الدین میڈیکل کالج کی ڈیبیٹنگ ٹیم نے اس سے قبل مقابلوں میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور اور پنجاب یونیورسٹی کی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے صوبے کی سطح پر تمام مراحل کو کامیابی سے طے کیا اور یونیورسٹی آف لاہور اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیموں کو بھی پیچھے چھوڑتے ہوئے پورے پنجاب سے کامیاب ہو کر سیمی فائنل میں پہنچی اور وہاں بلوچستان اور سندھ کی ٹیموں کو شکست دیتے ہوئے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئی۔اے ایم سی کی ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے طلبا و طالبات نے فائنل میں سندھ سے کامیاب ہونے والی لیاری میڈیکل کالج کی ٹیم سے زبردست مقابلہ کیا اور بلاآخر فتح اپنے نام کر لی۔