لاہور( لاہورنامہ) پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا ذاتی مفادات پر مبنی ”انقلاب ”ان کے اپنے گلے کی ہڈی بن گیا ہے ،اپوزیشن اپنے لئے ریلیف مانگنا چھوڑے تو اس سے ملکی معاملات پر کوئی بات ہو ،مذاکرات کی میز پر آنے کیلئے ریلیف دینے کی شرط قبول نہیں کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں نے اتحاد بنا کر جلسوں کی صورت میں جو ”انقلاب ” بر پا کیا تھا اس کاآج کہیں نام و نشان بھی نہیں بلکہ نہ صرف نام نہاد انقلاب بلکہ اپوزیشن نے اپنی آنکھوں میں جو خواب سجائے تھے ان پر بھی اوس پڑ چکی ہے ۔ اپوزیشن کی سیاست بند گلی میں داخل ہوچکی ہے اور یہ اب ایسی جگہ پر ہیں جہاں آگے دیوار اور پیچھے گڑھا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا واضح موقف ہے کہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں اپوزیشن سے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن یہ غیر مشروط ہو گی اور کسی کرپشن کرنے والے کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) دہائیاں بر سرا اقتدار رہے لیکن حلقہ این اے 133 کو نظر انداز کیا گیا ، انشا اللہ اس حلقے کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔