محکمہ داخلہ پنجاب

محکمہ داخلہ پنجاب نے 8اضلاع میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قواعد ضوابط طے

لاہور(لاہورنامہ) محکمہ داخلہ پنجاب نے 8اضلاع میں رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے قواعد ضوابط طے کر دئیے ۔ ذرائع کے مطابق تعینات کی جانے والی رینجرز کے ذمہ داران کے پاس بوقت ضرورت کم سے کم اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔

مقامی کمانڈر پولیس فورس یا رینجرز پر حملہ ہونے کی صورت میں اسلحہ استعمال کرنے کی اجازت دے سکے گا۔نئی صورتحال میں رینجرز اور پولیس کے ذمہ داران کے پاس انسداد دہشتگردی کے تحت کام کرنے کے اختیارات بھی ہوں گے۔رینجرز کا کردار معاون فورس کے طور پر ہو گا،بوقت ضرورت فرنٹ فورس کے طور پر بھی کام کرے گی۔

صوبائی حکومت نے وزارت داخلہ پنجاب کو صوبہ میں رینجرز تعینات کرنے کی تحریری درخواست دی تھی۔صوبائی حکومت کی درخواست کی روشنی میں رینجرز کو تعینات کیا گیا۔پنجاب میں رینجرز کو اینٹی ٹیرارزم ایکٹ 1997 کے سیکشن 4/2 کے تحت اور آئین پاکستان 1973 کے آرٹیکل 147 کے تحت تعینات کیا گیا۔ پنجاب میں تعینات کی جانے والی رینجرز کو انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت خصوصی اختیارات سونپے گئے۔