لاہور(لاہورنامہ) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے پنجاب بھر میں ڈینگی سے بچاؤ کی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیزکردی ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 445 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 345 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز راولپنڈی سے ڈینگی کے 33، گوجرانولہ میں 16 مریض، شیخوپورہ اور فیصل آباد میں 8 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روزسرگودھا سے ڈینگی کے 6 جبکہ ملتان اور بہاولپور میں 4 چار مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ گذشتہ روز لودھراں سے ڈینگی کے 3، جبکہ اٹک، مظفر گڑھ اور ساہیوال سے 2 مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 14,621 ہو چکی ہے۔ رواں سال لاہور سے اب تک ڈینگی کے 10,833 کیسز سامنے آئے ہیں۔
رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 48 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ گذشتہ روز پنجاب میں ڈینگی بخار کے باعث 3 افراد کی ہلاکت واقع ہوئی۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 63,399 ان ڈور مقامات کو چیک کیا۔ گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے لاہور میں 9,703 آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا۔گذشتہ روز لاہور میں 1,033 ان ڈور اور آؤٹ ڈور مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت نے عوام سے کورونا کے ساتھ ساتھ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔انہوں نے پنجاب کے تمام علماء کرام سے مساجد میں آنے والے نمازیوں کو ڈینگی بارے آگاہی دینے کی اپیل بھی کی ۔
عمران سکندربلوچ نے کہاکہ ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ گھر کے اندر اور باہر پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ عوام صفائی کا خیال رکھ کر ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے میں اہم کردارکریں۔