آصف محمود

شجر سے محبت انسانیت سے محبت ہے، آصف محمود

لاہور(لاہورنامہ) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں عامر اشرف نے کہا ہے کہ پی ایچ اے لاہور کو سر سبز و شاداب بنانے میں بہترین کردار ادا کررہاہے۔اب تمام شاہراہوں پر درخت لگنے سے نا صرف شہر لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ آلودگی اور سموگ کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

انہوں نے مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب آصف محمود اور ڈی جی پی ایچ اے جواد احمد قریشی کے ہمراہ وفاقی وزیر توانائی میاں حماد اظہر کے انتخابی حلقہ این اے 126میں کلین اینڈ گرین مہم کے سلسلہ میں بند روڈ پر پودے لگا نے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر مشیروزیر اعلیٰ پنجاب آصف محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجر سے محبت انسانیت سے محبت ہے۔ درخت آکسیجن پیدا کر کے ہماری زیست کا سامان پیداکرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ ادوار میں درختوں کی مسلسل کٹائی کی وجہ سے آج ہمیں ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں درختوں کی شجرکاری کی جارہی ہے۔

جواد احمد قریشی نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تغیرات سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ درختوں کی شجرکاری وقت کی ضرورت ہے۔ پی ایچ اے شہر لاہورکے مختلف علاقوں کی چھوٹی بڑی شاہراؤں پر بڑے درختوں کی شجرکاری کا ہدف مکمل کررہا ہے۔