جوش ،ولولہ دیکھ کر دعوے سے کہہ سکتا ہوں کوئی بھی این اے 133میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتا

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماو حلقہ این اے 133سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف نے اپنے نظریے کی طاقت سے اسٹیٹس کوکی حامل قوتوں کو 2018ء میں شکست فاش دی .

کوئی سوچ بھی نہیں سکتاتھاکہ زرداری،شریف خاندان او ران کے حواریوں کی صورت میں موجود سیاسی مافیاز کو کوئی رہنما بیک وقت شکست دے سکتاہے لیکن عمران خان نے اپنے عزم اورحوصلے سے ایسا کرکے دکھایا ۔

ان خیالا ت کااظہارانہوں نے حلقہ این اے 133کے مرکزی دفترمیں انصاف یوتھ ونگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنونشن میں شمالی اور جنوبی یوتھ ونگ کے نوجوانوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی جو قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔

این اے 133
جوش ،ولولہ دیکھ کر دعوے سے کہہ سکتا ہوں کوئی بھی این اے 133میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتا

اس موقع پر مسرت جمشید چیمہ ،صدر وسطی پنجاب یوتھ ونگ گلریز اقبال اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات یوتھ ونگ اظہر مشوانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ میں نوجوانوں کا جو ش اورولولہ دیکھ کر دعوے سے کہہ سکتا ہوںکہ مسلم لیگ(ن) سمیت کوئی بھی حلقہ این اے 133میں ہمارامقابلہ نہیں کرسکتااور انشا اللہ ہم معزز عدالت سے اجازت ملنے کے بعد میدان میں مقابلہ کریں گے اورانہیں شکست سے دوچارکریںگے۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ عمران خان 22سال کی طویل جدوجہد کرکے اقتدارمیں آئے اور انہوں نے تین سالوں میں 22سالوں سے زیادہ جدوجہد کی ہے ، حکومت نے وسائل کا رخ سبسڈی کی صورت میں امیروں کی بجائے غریبوں کی طرف موڑاہے ۔

نوجوان اپنے حوصلے بلند رکھیں،یہ الیکشن نوجوانوں کا الیکشن ہے مسلم لیگ (ن) ان نوجوانوں سے ڈر گئی ہے ،(ن) لیگ ہمت کرے اور بہانے بنانے کی بجائے میدان میں آ کر مقابلہ کرے ۔مسرت جمشیدچیمہ ،اظہر مشوانی اورگلریزاقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آخری دن تک لڑیں گے ،انشااللہ عدلیہ حقائق کو جانے گی اور عدالت سے اجازت ملنے کے بعد133میں میدان لگائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم متحد ہیں اور الیکشن کے لئے تیار ہیں، مسلم لیگ (ن)ہمت کرکے میدان میں آئے اور نظریہ رکھنے والوں کا مقابلہ کر کے دکھائے ۔