لاہور (لاہورنامہ) صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ نے کہاہے کہ محکمہ صحت کے مؤثراقدامات کے باعث پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں واضح کمی ہوگئی ہے۔
کورونا کیسز میں مزیدکمی لانے کیلئے مختلف سیکٹرز کیلئے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط کو یقینی بنائیں۔ ہم صرف ویکسی نیشن اوراحتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کی وباء پرقابوپاسکتے ہیں۔
12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کوویکسین لگانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کوروناکے 125 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی کل تعداد 441,186 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 421,223 مریض سرکاری ہسپتالوں سے علاج کے بعد مکمل صحت یاب ہو کراپنے گھروں کوواپس جاچکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 7,018 ہو گئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث 3 شہری جان کی بازی ہار گئے۔ گذشتہ روز راولپنڈی سے 2 جبکہ لاہور سے 1 ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبہ بھر میں کوروناکے باعث اموات کی کل تعداد 12,946 ہو چکی ہے۔
صوبائی سیکرٹری صحت نے کہاکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 15,285 تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کورونا کے اب تک مجموعی طور پر 8,025,504 تشخیصی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور میں کورونا کے 54 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ملتان اور فیصل آباد میں 11 گیارہ، ساہیوال میں 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
گذشتہ روز پاکپتن میں 8، راولپنڈی میں 7، گجرات میں 5 جبکہ قصور میں 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسزکی مجموعی شرح 0.8 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 1.4 فیصد ریکارڑ کی گئی ہے۔ فیصل آباد میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 0.6 فیصدجبکہ راولپنڈی میں 0.7 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملتان میں کوروناوائرس کی 1.0 اور گوجرانوالہ میں 0.1 فیصد مثبت شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔
صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرنے مزیدکہاکہ شہری کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے اور پر ہجوم اجتماعات میں جانے سے مکمل گریز کریں – سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کوہرصورت یقینی بنائیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لازمی اور فوری لگوائیں۔
عمران سکندر بلوچ نے کہاکہ تمام ویکسی نیشن مراکز پر ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے۔ 25 اکتوبر تا 15 نومبر تک جاری رہنے والی ریچ ایوری ڈور ویکسی نیشن مہم کے دوران پنجاب کی زیادہ سے زیادہ آبادی کوویکسین لگائی جارہی ہے۔ عوام کسی بھی قسم کی رہنمائی یا شکایات کے لئے1033 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔