جسٹس (ر ) ناصر ہ جاوید

اقبال کی شاعری میں قرآن کا پیغام ہے ،جسٹس (ر ) ناصر ہ جاوید

لاہور(لاہورنامہ) علامہ محمد اقبال کی تعلیمات معاشرے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے روشنی کا مینارہ اور معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے رہنما اصول بھی فراہم کرتی ہیں، علامہ محمد اقبال کا پیغام نوجوانوں تک جوش جذبے کے ساتھ پہنچانے کی اشد ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال ،لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن شمیم اختر نے لاہور چیمبر میں فکر اقبال اور موجودہ مسائل کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

لاہور چیمبر کے سابق صدر سہیل لاشاری، موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد سیمینار میں شریک تھی۔ جسٹس (ر) ناصر ہ جاوید اقبال نے کہا کہ اقبال کی شاعری میں قرآن کا پیغام ہے اور ہمیں ان کے پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تصور علامہ محمد اقبال نے حیدرآباد میں پیش کیا تھا اور اس کے نفاذ کے لیے انہوں نے خاص طور پر قائداعظم محمد علی جناح کو بلایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب 1940 میں قرارداد پاکستان منظور ہوئی تو قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ اگر اقبال زندہ ہوتے تو کس قدر خوش ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے تعلیم بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصل چیز احترام انسانیت ہے اور اس سلسلے میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اقبال کے فلسفے میں خود کو ڈھالیں اور خود انحصاری کے لیے کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ علامہ محمد اقبال اسلام اور پاکستان کے عظیم انسانوں میں سے تھے جنہوں نے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں بھائی چارہ اور انصاف کا دور دورہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عظیم شاعر کے ویژن کے مطابق ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہیے جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور دیا جہاں وہ اپنی اسلامی اقدار اور ثقافت پر عمل کر سکیں۔لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے پیغام کو سمجھنا اور ان کی تعلیمات کو اپنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے پیغام کے بارے میں اقبال کے تصور کو سمجھنے اور انسانی فکر میں آگے بڑھنے کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے کبھی نہیں تھی۔لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی رکن شمیم اختر نے کہا کہ مسلمانوں کے عروج کے لیے علامہ اقبال کا نقطہ نظر آج بھی ہمارے لیے طاقت اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

بعد ازاں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمان عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے مزار اقبال پر حاضری دی۔ انہوں نے عظیم فلسفی شاعر کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اس عظیم فلسفی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا جس نے برصغیر میں مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور پیش کیا۔