لاہور(لاہورنامہ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی سفارشات پر وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے آٹھ ٹیچنگ ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے ۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹراحمدجاویدقاضی کو تمام ایم ایس حضرات کی تعیناتی کے جلد احکامات جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر طاہر رشیدکو ایم ایس جناح ہسپتال لاہور،ڈاکٹرعامرغفورمفتی کو ایم ایس جنرل ہسپتال لاہور، ڈاکٹرمحمدرمضان سومروکو ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور،ڈاکٹرمحمد تحسین کو ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور،ڈاکٹرارشدعلی چیمہ کو ایم ایس الائیڈہسپتال فیصل آباد،ڈاکٹرفضل الرحمن کو ایم ایس ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ،ڈاکٹرشازیہ زیب کو ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی اور ڈاکٹرمحمدخالدبن اسلم کو ایم ایس پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروسائنسزلاہورتعینات کردیاگیاہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مستقل ایم ایس حضرات تعینات کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔پنجاب کے باقی سرکاری ہسپتالوں میں بھی مستقل ایم ایس جلدتعینات کردئیے جائیں گے۔تمام نئے تعینات ہونے والے ایم ایس حضرات ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکریں۔
صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کے علاج معالجہ میں ایک فیصد بھی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترطبی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔