فواد چوہدری

قانون سازی کے بعد اپوزیشن کے اندر بکھرنے کا عمل تیز ہو جائے گا، فواد چوہدری

اسلام آباد(لاہورنامہ)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ اپوزیشن کمزور پہلوانوں پر مشتمل ہے، شکست و ریخت کا شکار ہو چکی ہے، قانون سازی کے بعد اپوزیشن کے اندر بکھرنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔

بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے منتخب اراکین نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے، ان تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنی مصروفیات ترک کر کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیر اطلاعات نے کہاکہ دونوں ایوانوں کی اکثریت یہاں موجود ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اہم بل پاس ہو جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینز اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق دو قوانین انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، ان قوانین کی منظوری وزیراعظم عمران خان کی کمٹمنٹ رہی ہے.

تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کا ووٹ کا حق دینا چاہتی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعظم نے ان اتحادیوں، سینیٹرز اور اراکین قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا جو بیماری اور مجبوری کے باوجود تشریف لائے۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کمزور پہلوانوں پر مشتمل ہے، شکست و ریخت کا شکار ہو چکی ہے، قانون سازی کے بعد اپوزیشن کے اندر بکھرنے کا عمل تیز ہو جائے گا۔