غلام سرور خان

کلبھوشن مسلم لیگ (ن )کے دور میں گرفتار ہواتھا، کیاکوئی کاروئی ہوئی ؟ غلام سرور خان

راولپنڈی (لاہورنامہ)وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ کلبھوشن مسلم لیگ (ن )کے دور میں گرفتار ہواتھا، مودی اور نواز شریف کے تعلقات کی بناء پر کلبھوشن کی گرفتاری پارلیمان میں ڈسکس نہیں ہوئی.

مودی کے یار وہ لوگ ہیں جن کی بہنوں بیٹیوں کے ہاتھ مہندی سے رنگتا تھا، ہم نے آئی سی جے کی ڈائریکشن پر کلبھوشن کو اپیل کا حق دیا۔غلام سرور خان کا کہنا تھاکہ کلبھوشن کے معاملے پر حزب اختلاف نے ایڈجنرمنٹ موشن دی، تمام موشنز کو اسپیکر کے دفتر میں ختم کیا گیا، کسی جاسوس کے لیے رائٹ آف اپیل نہیں ہے، کلبھوشن کا کیس اتنا مضبوط ہے کہ وہ سزا سے نہیں بچ پائے گا، آئی سی جے کی ڈائریکشن نہ ماننے پر توہین عدالت کے مرتکب نہیں ہونا چاہتے، اس لیے کلبھوشن پر بل کو پاس کیا گیا، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن کا حق ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس وقت 9 ملین سمندر پار پاکستانی ہیں، سمندر پار پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، سمندر پار پاکستانیوں میں ہم سے زیادہ سیاسی شعور ہے، 70 فیصدسے زائد سمندر پار پاکستانی پی ٹی آئی سے منسلک ہیں، سمندر پار پاکستانیوں کو عام پاکستانی سے زائد حقوق دینا چاہیے، سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ کا طریقہ کار کیسا ہو، اس پر اپوزیشن ہمیں اپنی تجاویز دے۔